میرا ووٹ

Tuesday,4 November 2008
از :  
زمرات : امریکہ

لو مجھے لگتا ہے، میرا پہلا ووٹ ضائع ہو گیا ہے ۔ وجہ بورڈ آف الیکشن کی معلومات ہیں ۔ میں نے کل رات سونے سے پہلے بورڈ آف الیکشن کی ویب سائٹ پر پورے آدھا گھنٹہ ویڈیو دیکھی کہ ووٹ کس طرح ڈالنا ہے ۔ ویب سائٹ پر میرے علاقے میں جو مشین استعمال ہونی تھی، وہ کچھ یوں ہے ۔

جبکہ حقیقت میں جس مشین پر میں نے ووٹ دیا وہ کچھ یوں تھی جیسے کسی پرانے بجلی گھر کا کنٹرول روم ۔ آپ کے سامنے ایک سفید دیوار جیسا پھٹا لگا تھا، جہاں سب سے اوپرپارٹی کا نام لکھا تھا، دوسری قطار میں ان کے نیچے امیدواروں کے نام لکھے تھے، پھر سب سے نیچے لوکل امیدواروں کے نام ترتیب سے لکھے تھے ۔ اور ہر امیدوار کے سامنے ایک جیسے پاکستان میں پنکھوں کی رفتار بڑھانے یا کم کرنے کے لئے ریگولیٹر ہوتے ہیں، ویسا ایک ریگولیٹر بنا تھا۔ میں جا کہ پہلے آرام سے ریگولیٹر گھمانے کی کوشش کرتا رہا، جب نہیں گھوما تو پھر میں نے جس کو ووٹ نہیں دینا تھا، وہاں کوشش کی، مگر ریگولیٹر تھا کہ گھومنے کا نام ہی نہیں لے رہا تھا ۔ پھر زور آزمائی کی، مگر کوئی فائدہ نہیں ہوا ۔ سامنے دیوار پر معلومات پڑھنے کی کوشش کی، تو کوئی سمجھ نہیں آئی ۔ پھر پولنگ بوتھ سے نکل کر باہر کھڑی ایجنٹ کو کہا، میری مدد کرو ۔ اس نے بھی اندر آ کر زور آزمائی کی، پھر کہنے لگی مجھے نہیں پتہ ۔ اچانک کہتی ہے تم نے نیچے لگا لیور دبایا ہے؟ میں حیران کہیڑا لیور ؟

دیکھا تو ایک عدد لیور لگا تھا، جیسے پاکستان میں ریلوے سٹیشن پر ٹرین کی پٹریاں بدلنے کے لئے لگا ہوتا ہے، پہلے اسے بائیں سے دائیں گھمایا، پھر اپنے امیدوار کے سامنے ریگولیٹر کو گھمایا۔ یہ سب کرنے کے بعد میں نے اخیر میں دوبارہ سے لیور کو بائیں سے دائیں کر دیا، تو جس امیدوار کو چنا تھا، اس کے سامنے سے ڈبا ہٹ گیا ۔اب مجھے یہ فکر ہے کہ ووٹ ڈل گیا ہے کہ نہیں؟

سب سے مزے کی بات یہ کہ جب میں تنگ آ کر باہر نکل گیا، تو نکلتے ہی سامنے ہدایات لکھی تھیں کہ مشین کیسے استعمال کرنی ہے ۔لیکن میں واپس بوتھ میں نہیں جا سکتا تھا ۔

بہرحال اگر ایسی مشینیں پاکستان میں ہوں، تو دھاندلی والوں کے مزے ہو جائیں، اور مجھے بورڈ آف الیکشن پر غصہ ہے کہ دکھایا کچھ اور تھا کچھ اور۔ میں تو رات خواب میں بھی ویڈیو والی مشین پر ووٹ دیتا رہا تھا ۔

دوسری بات میں اس دفعہ الیکشن میں لگی قطاریں دیکھ کر حیران ہوا ہوں، نیویارک میں ویسے بھی اوبامہ جیت جائے گا، اس کے علاوہ اتنی لمبی قطاریں، جبکہ پچھلے الیکشن میں ایسا کوئی چکر نظر نہیں آیا تھا، ہمارے گھر کے سامنے سکول میں ووٹنگ تھی، اور قطار سکول سے باہر پورے ایک بلاک پر محیط تھی ۔ کیمرہ ہوتا تو ضرور تصویر بنا کر لگاتا، کیونکہ بہت سے لوگ تو پولنگ سٹیشن کے اندر بھی تصاویر اتار رہے تھے، آخر کو فلکر پر جو لگانی ہیں ۔

تبصرہ جات

“میرا ووٹ” پر 6 تبصرے کئے گئے ہیں
  1. ڈفر says:

    لیکن آپ کا امیدوار تو جیت گیا نا 🙂

  2. ووٹ ضائع کر کے آپ نے اپنے پاکستانی ہونے کا ثبوت دیا ہے بھائی گبھرائیں نہیں اچھا کیا ہے مجھے تو خوشی ہوئی ہے کم ازکم اگر کل کو یہی امیدوار برا نکل آئے تو آپ کو دکھ تو نا ہوگا نا

  3. ابھی کہاں ابھی تو ووٹنگ ہونی ہے. جہانزیب مشین آنے سے پہلے کیا کسی نے کنفرم کیا کہ آپکا ووٹ بھی ہے یا نہیں؟

  4. بدتمیز says:

    ساجد لسٹ میں نام ہوتا ہے. آئی ڈی بھی چیک کرتے ہیں اگر ضرورت ہو تو. ورنہ یہاں آپ کی بات پر آنکھ بند کر یقین کیا جاتا ہے. ویسے بھی اگر آپ شہری نہیں اور ووٹ ڈالنے کی درخواست دے کر رجسٹر ہو جاتے ہیں تو اس کی سزا ڈیپورٹیشن ہے.

    http://www.zackvision.com/weblog/2008/07/register-to-vote.html

  5. ساجد ہر ریاست میں تھوڑی بہت تبدیلی ہو سکتی ہے . لیکن بنیادی طریقہ ایک ہی ہے . سب سے پہلے آپ کو ووٹر رجسٹریشن کروانا ہوتی ہے، جو کہ نہایت آسان ہے . مثلآ جب میں نے اپنا ڈرائیور لائسنس لینا تھا، تو وہاں ایک خانہ بنا ہوتا ہے، جہاں رجسٹریشن کے لئے آپ ٹک کرتے ہو، پھر اپنی پارٹی منتخب کرتے ہو . اسی طرح الیکشن کے نزدیک تقریبا جہاں آپ جاتے ہیں کسی سرکاری، نیم سرکاری حتی کہ بنک تک میں ووٹر رجسٹریشن فارم ہوتے ہیں، وہاں بھی ووٹ رجسٹر کروا سکتے ہیں . البتہ ووٹ رجسٹر کرواتے وقت کسی قسم کی شناخت نہیں مانگی جاتی . صرف ایک حلف نامہ ہوتا ہے جہاں آپ دستخط کرتے ہیں .ایسا کرنے کے بعد آپ کو کچھ دنوں بعد رجسٹریشن کارڈ + جاتا ہے، جس میں لکھا ہوتا ہے کہ کس پولنگ سٹیشن میں اور اس پولنگ سٹیشن میں کس بوتھ پر آپ ووٹ ڈال سکتے ہیں . لیکن ووٹ ڈالنے کے لئے اس کی بھی ضرورت نہیں ہوتی .
    جب ووٹ ڈالنے جاتے ہیں، تو اگر آپ کو اپنا بوتھ یاد ہو، سیدھے وہاں چلے جاو، نہیں یاد ہو تو اپنا پتہ بتا کر بوتھ کا پوچھا جا سکتا ہے . وہاں ایک بورڈ آف الیکشن کا ایجنٹ ہو گا، اپنا نام بتانے پر وہ لسٹ دیکھے گا، وہاں آپ کا نام ہو گا، جس کے سامنے آپ کے وہ دستخط ہوں گے جو رجسٹریشن کے وقت آپ نے کئے تھے، ان دستخط کے سامنے آپ اپنے دستخط ایجنٹ کے سامنے کریں گے، وہ انہیں ملا کر، آپ کو ووٹ ڈالنے کی اجازت دے دے گا .

تبصرہ کیجئے

اس بلاگ پر آپ کے تبصرہ کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے
اگر آپ اپنے تبصرہ کے ساتھ تصویر لگانا چاہتے ہیں، تو یہاں جا کر تصویر لگائیں ۔