ہالووین ۔ ۔ ہو ہو ہا ہا ۔ ۔

Wednesday,31 October 2007
از :  
زمرات : امریکہ

Halloween

آج یہاں امریکہ میں ہالووین کا تہوار ہے۔ سڑکوں پر لوگ مختلف بہروپ بھرے آ جا رہے ہیں۔ ہالووین پر امریکہ میں پانچ بلین ڈالر کے اخراجات سے زیادہ کا تخمینہ ہے۔ ہزاروں کی تعداد میں امریکن لوگ یہ تہوار نہیں مناتے ہیں، وجہ ایک تو ظاہری سی ہے کہ جِنوں بھوتوں کو اِس تہوار میں بڑھا کر پیش کیا جاتا ہے، ہر کوئی زیادہ سے زیادہ ڈراؤنا بہروپ بھر کر پھرنا چاہتا ہے، گھروں کی آرائش اس طرح کی جاتی ہے جیسے اُن میں آسیب کا بسیرا ہو ، اور اس تہوار کے ڈانڈے بت پرستی سے ملتے ہیں لہذا بہت سے لوگ اِسے نہیں مناتے ہیں اور نہ ہی سرکاری طور پر امریکہ میں اس تہوار پر چُھٹی ہوتی ہے ۔
لیکن مجھے ذاتی طور پر اس تہوار سے جو اُلجھن ہے وہ بچوں کے حوالے سے ہے، ایک تو اُن کو اس طرح کے بہروپ دیے جاتے ہیں جن کا عموماً برائی کے ساتھ ناتا ہوتا ہے، جیسے سُرخ رنگ کے سینگ، لباس اور سرخ رنگ کی تیر والی دُم، یہ سب کچھ شیطان کے لئے مخصوص ہے اور یہ چھوٹے چھوٹے شیطان ہر طرف گھومتے اور مانگتے نظر آتے ہیں۔ بچے چونکہ ہر چیز کو فینٹسائز کرتے ہیں، تو کیا ہم اُنہیں برائی کو فینٹسی مطلب دلکش بنا کر پیش نہیں کر رہے ہیں؟ اگر ایک بچے پر ڈانٹنے، مارنے سے اُس کی شخصیت پر بُرا اثر پڑتا ہے تو کیا ان باتوں سے اُس کی شخصیت پر کوئی اثر نہیں پڑتا، کہ چھوٹا جان ڈیول بنا ہے اور ہر کوئی اُسے کینڈی دے رہا ہے۔ ٹِرک یا ٹریٹ؟ کیا لوگ بچوں کو فقیر بننے کی ٹریننگ دے رہے ہیں، وہ بھی خطرناک قسم کے فقیر کہ یا تو ٹریٹ نہیں تو ٹرک۔ حیران ہونے کی بات نہیں یہ میرے ذاتی خیالات ہیں، آپ کا ان سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
لیکن ہالووین پر بہت سے رنگ برنگے بہروپ بھرے لوگ دیکھنے کا مجھے بڑا شوق ہے۔ کچھ لوگوں کو دیکھ کر ہنسی آتی ہے اور کچھ ایسے بہروپ بھی بھرتے ہیں کہ کراہت ہوتی ہے۔ لیکن آج میں نے سب سے زیادہ مزاحیہ بہروپ جو دیکھا اور ہنس ہنس کے بُرا حال ہو گیا، وہ ایک لڑکی نے نَن کا بہروپ بھرا ہوا تھا اور پیٹ پر تکیہ رکھ کر حاملہ بنی ہوئی تھی۔ اب نَن اور حاملہ؟ اگر آپ نے کوئی مزاحیہ بہروپ آج دیکھا ہو تو ضرور تو تبصرے میں ضرور لکھیں ۔

تبصرہ کیجئے

اس بلاگ پر آپ کے تبصرہ کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے
اگر آپ اپنے تبصرہ کے ساتھ تصویر لگانا چاہتے ہیں، تو یہاں جا کر تصویر لگائیں ۔