سانچہ سے ورڈ پریس تھیم بنانا ۔

Wednesday,23 April 2008
از :  
زمرات : ایچ ٹی ایم ایل

ایک سانچہ کو اردو میں ڈھالنے کے لئے جو مراحل درپیش تھے وہ ہم پہلے سیکھ چکے ہیں،لیکن یہ بنایا گیا سانچہ ہم ایک صحفہ بنانے کے لئے تو استعمال کر سکتے ہیں، بلکہ اگر بہت سے صحفہ پر مبنی ویب سائٹ ہو تو اُس کا ہر صحفہ علیحدہ سے اُسی سانچہ کی مدد سے بنا سکتے ہیں ۔ اس طرح ہر صحفہ علیحدہ سے بنانا بہت وقت لیتا ہے، اور ہم چاہتے ہیں کہ ہم صرف تحریر لکھیں اس بات کی فکر کئے بغیر کہ سانچہ بھی بنانا ہے ۔
اس کام کو کرنے کے لئے بلاگ سافٹ وئیر جیسے ورڈپریس اور بلاگر اور کنٹٹمنٹ منیجمنٹ سسٹم جیسے پوسٹ نیوک اور جملہ اپنا اپنا تھیم سسٹم استعمال کرتے ہیں ۔ اوپر بیان کئے گئے تمام سافٹ وئیر کے لئے تھیم تیار کرنا، تھوڑی بہت ردوبدل کے بعد ایک ہی جیسا ہے ۔ جیسے بلاگر کے پرانے ورژن کا تھیم ہم صرف انڈیکس فائل میں بلاگر کے ٹیگز کا اضافہ کر کے استعمال کر سکتے ہیں، پوسٹ نیوک میں اسی انڈیکس فائل کو مختلف بلاک میں توڑ کر اور پھر پوسٹ نیوک کے ٹیگز کا استعمال کر کے تھیم بنا سکتے ہیں۔ لیکن یہاں ہمارا مقصد ورڈپریس تھیم تیار کرنا ہے ۔ ہم اپنی توجہ اسی پر مرکوز رکھیں گے ۔
ورڈپریس تھیم کے لئے جو نظام استعمال کرتا ہے، اُس کو تفصیلاً یہاں بیان کیا گیا ہے، ہم مختصراً اس کا جائزہ لیتے ہیں ۔ ورڈپریس تھیم بہت سے چھوٹے سانچوں کو ملا کر مکمل صحفہ کا سانچہ مکمل کرتا ہے، یہ چھوٹے سانچے آپس میں پزل کے ٹکڑوں کی طرح ایک دوسرے سے جڑتے جاتے ہیں،ہم کو صرف بدلی گئی انڈیکس فائل میں یہ ٹکڑے تیار کرنا ہیں، اُن میں ورڈپریس ٹیگز کا اضافہ کرنا ہے اور پھر بعد میں اُن کو دوبارہ سے ورڈپریس کے طریقہ سے جوڑنا ہے ۔
ورڈپریس تھیم بنانے سے پہلے ہم ورڈپریس کے سانچہ کی فائلوں کو جانچتے ہیں، ورڈپریس سانچہ کی فائلوں کے کچھ نام ایسے ہیں،جن کو ورڈپریس بچپن سے جانتا ہے، اِن کو ہم ڈیفالٹ فائل کہتے ہیں ۔لیکن ضروری نہیں کہ آپ صرف انہی فائلوں کا استعمال کریں،آپ تمام سانچوں کی فائلوں کا اپنی پسند کا نام رکھ سکتے ہیں، لیکن ان کو بلانے کا طریقہ علیحدہ ہے ۔ ہم یہاں ورڈپریس کی جانی پہچانی فائلوں کے نام ہی استعمال کریں گے، اور ایک آدھ فائل ایسی رکھیں گے جس کو ورڈپریس نہ پہنچانتا ہو، تاکہ یہ دیکھ سکیں کہ ایسی فائل کو ورڈپریس میں کس طرح بلایا جائے گا ۔
مندرجہ ذیل فائلیں ورڈپریس کی ڈیفالٹ فائل نام ہیں، اگر آپ چاہیں تو سانچہ کی ڈرائکٹری میں اس نام کی فائلیں بنا لیں ۔

  • style.css
  • index.php
  • header.php
  • sidebar.php
  • footer.php
  • single.php
  • page.php
  • comments.php
  • archive.php
  • search.php

اس کے علاوہ ہم مندرجہ ذیل نام کی فائلیں بھی بنا لیں گے، جن کو ورڈپریس نہیں پہنچانتا، لیکن ہم دیکھیں گے کہ ایسی فائلوں کو کس طرح استعمال کیا جائے گا ۔

  • 404.php
  • searchform.php

سٹائل والی فائل ہمارے پاس پہلے سے ہی سانچہ میں موجود ہو گی، یہ صحفہ کے سٹائل ظاہر کرتی ہے ۔ اس فائل میں ہمیں ورڈپریس کے لئے تھوڑی سی تبدیلی کرنا ہو گی ۔
انڈیکس والی فائل مرکزی صحفہ کو دکھانے کے کام آتی ہے۔
ہیڈر والی فائل صحفہ کا اوپر والا حصہ دکھاتی ہے، یہ ضروری نہیں ہے،آپ صحفہ کے نچلے حصہ کو بھی ہیڈر کا نام دے سکتے ہیں ۔
سائیڈبار کی فائل میں صحفہ کا دایاں یا بایاں حصہ دکھایا جاتا ہے ۔
فُٹر والی فائل میں صحفہ کے نچلے حصہ کا سانچہ ہوتا ہے ۔
جب آپ صحفہ پر کوئی ایک تحریر پڑھتے ہیں تب سنگل والی فائل کا استعمال ہوتا ہے ۔
اگر آپ نے مختلف صحفہ جات ترتیب دیے ہیں تو پیج والی فائل ایسے صحفات جیسے تعارف اور رابطہ کا صحفہ دکھانے کے کام آتی ہے ۔
تبصرہ دکھانے کے لئے کمنٹس والی فائل کا استعمال کیا جاتا ہے،
پرانی تحریریں دیکھتے وقت آرکائیو فائل کا استعمال کیا جاتا ہے اسی طرح جب کوئی لفظ تلاش کیا جائے تو سرچ والی فائل کا سانچہ استعمال ہو گا۔
اسی طرح جب کوئی ایسے صحفہ یا تحریر پر جانے کی کوشش کرے جو موجود نہیں ہو تب چارسوچار والی فائل کو ہم استعمال کریں گے، اور تلاش والے خانہ کا سانچہ سرچ فارم والی فائل میں مقید کر دیں گے ۔
اب ہم ایک ایک کر کے ایک سادہ ایچ ٹی ایم ایل سانچہ کو استعمال کرتے اوپر بیان کی گئی تمام فائلیں ترتیب دیں گے۔ مثال کے لئے میں ایک بالکل سادہ ایچ ٹی ایم ایل فائل کا استعمال کروں گا،لیکن یہی طریقہ ہر سانچہ کے ساتھ استعمال ہوتا ہے ۔ آپ اپنے مطلوبہ سانچہ کی انڈیکس فائل کا بغور مطالعہ کریں، اور سمجھیں کہ ہیڈر کہاں سے شروع ہوتا ہے اور کہاں ختم ہوتا ہے ،مرکزی متن اور سائیڈ بار یا فٹر کو اپنے سانچہ میں تلاش کریں اور ذہن میں اس کی تصویری خاکہ تیار کرلیں ۔

تبصرہ جات

“سانچہ سے ورڈ پریس تھیم بنانا ۔” پر ایک تبصرہ ہوا ہے
  1. بہت خوبصورت کاوش جتنی تعریف کی جائے کم ہے . بلکہ سورج کوچراغ دکھانے کے مترادف ہے . اللہ مزید زور قلم پیدا فرمائے

تبصرہ کیجئے

اس بلاگ پر آپ کے تبصرہ کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے
اگر آپ اپنے تبصرہ کے ساتھ تصویر لگانا چاہتے ہیں، تو یہاں جا کر تصویر لگائیں ۔